منشیات کے مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر4 ملزمان کو قیداور جرمانہ کی سزا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم نے منشیات کے مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو مجموعی طور پر تین سال آٹھ ماہ قیداور چالیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے اڈیالہ جیل بھجوا دیا ۔منگل کو عدالت نے1500گرام چرس برآمد ہونے پر درج مقدمہ میں ملزم عبدالرزاق کو جرم ثابت ہونے پر ایک سال دس ماہ قید اور پچیس ہزار روپے جرمانہ جبکہ ایک کلوہیروئن برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملزم دوست محمد کو سال دس ماہ قید اور پندرہ ہزار جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔ ادھرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی خالد نواز نے منشیات کے مقدمات میں دو ملزمان کوجرم ثابت ہونے پر تین ماہ دس دن قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔منگل کو عدالت نے تھانہ کینٹ میں درج منشیات کے مقدمہ میں ملزم راجہ قمر کوجرم ثابت ہونے پر ایک ماہ دس دن قید اور پانچ ہزار جرمانہ جبکہ تھانہ ویسٹریج کے منشیات برآمدگی کیس میں ملزم ثاقب کو دو ماہ قید اور پانچ ہزار جرمانہ کی سزا سنا دی ۔