عطائیوں نے آپریشن کے بعد کاروبار جاری رکھنے کا طریقہ تبدیل کرلیا
راولپنڈی (عزیز علوی) عطائیوں نے اپنے خلاف آپریشن کے بعد اپنا کاروبار جاری رکھنے کیلئے طریقے تبدیل کرلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر محمد سہیل احمد چوہدری نےنوائے وقت کوبتایا کہ کئی عطائیوں نے اپنا کاروبار الگ بیٹھکوں میں شروع کردیا ہے کچھ شکایات ملی ہیں کہ عطائی اپنی کلینک سیل ہونے پر پیچھے سے دروازہ نکال کر دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں کئی عطائی اپنی گاڑیوں میںموبائل سروس سے کام کر رہے ہیں راولپنڈی ضلع میں عطائی اپنے کام سے باز نہیں آئے جس کی شکایات پر ان کے خلاف ایکشن بھی لینا شروع کیا ہے عطائیت ایسا دھندہ ہے جسے چلانے والے دھوکہ بازی میں مہارت کے حامل ہیں لیکن وہ زیادہ عرصہ قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے کیونکہ عوام کی صحت اولین ترجیح ہے جسے عطائیوں کے رحم و کرم پر کبھی نہیں چھوڑا جا سکتا اس بارے میں پالیسی واضح اور دو ٹوک ہے ۔