کراچی سے جانے والی گرین لائن ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، انجن ڈرائیورزخمی
لاہور (سٹاف رپورٹر) کراچی سے آنیوالی گرین لائن ٹرین واشنگ لائن میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گرین لائن ٹرین کے انجن کے ڈرائیور کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ امدادی کام بروقت مکمل کرکے مسافروں کو بحفاظت اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی سے آنیوالے گرین لائن کو 2 بجکر 15منٹ پر لاہور سٹیشن پر پہنچنا تھا اور ٹرین 2بجکر 40منٹ پر لاہور پہنچی تو ٹرین گڑھی شاہو کے قریب ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی ٹرینوں کی ٹکر سے مال گاڑی کی 3بوگیاں اور گرین لائن ٹری کا انجن ڈی ریل ہو گیا جبکہ گرین لائن ٹرین کے انجن ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس لاہور ڈویژن سفیان سرفراز ڈوگر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کو شروع کر دیا تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے اتار لیا گیا اور دوسرا انجن لگا کر اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب ریلوے حکام نے حادثہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمٹیاں بنا دی ہیں جنہوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تحقیقات مکمل ہونے پر ہی حادثے کی وجوہات کا پتا چل سکے گا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ گرین لائن ٹرین کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ حادثے میں میری کوئی غلطی نہیں ، سگنل ملنے پر گاڑی آگے لیکر آیا اور مال گاڑی دیکھنے پر ایمرجنسی بریک بھی لگائی۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔