نشہ کے مضمرات اور نقصانات
مکرمی! نشہ ہمارے ملک میں پائی جانے والی برائیوں میں سے ایک بڑی برائی ہے ۔ وطن عزیز پاکستان میں منشیات کا استعمال جس تیزی سے بڑھ رہا ہے‘ ڈر ہے کہ نوجوان نسل اس سے ختم نہ ہو جائے۔ منشیات کے استعمال کی بنیادی وجہ دین سے دوری اور اس کے نقصانات سے بے خبری ہے۔ بیروزگاری بھی اس کی وجہ بن رہی ہے۔ مختلف اقسام کے نشے مختلف شکلوں میں ان نوجوانوں کو بآسانی مل جاتے ہیں۔ معاشرے میں بعض لوگ دولت کی خاطر نشے کو بیچتے ہیں‘ وہ راتوں رات دولت کمانے کی غرض سے دوسروں کی زندگیاں برباد کر دیتے ہیں اور نشے کی وجہ سے ہنستا بستا گھر تباہ ہو جاتاہے۔ جب بچے یا نوجوان کو گھر میں بھرپور توجہ اور پیار نہیں ملتا تو وہ گھر سے باہر انہی چیزوں کی تلاش میں نکل جاتے ہیں۔ اورغلط صحبت میں پڑ کر بُری عادتوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔جب تک ہم منشیات کے استعمال کے اسباب کا خاتمہ نہیں کر دیتے اس وقت تک اس پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔عوام اور حکومت کو مل کر اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ (کرن اشفاق‘ گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج۔ لاہور)