محکمہ پولیس کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کی ضرورت
مکرمی ! حکومت کی تمام مساعی جمیلہ اور مراعات کے باوجود محکمہ پولیس کی پیشہ وارانہ کارکردگی پر سوالیہ نشان ٹھہرتے ہیں، افسروں اور اہلکاروں کو جدید سہولتوں کی فراہمی پر بھی معاشرے میں سٹریٹ کرائم سمیت چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں پنجاب حکومت نے معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے روایتی پولیس فورس کے علاوہ ڈولفن سکواڈ سمیت کئی نئے ’’برانڈ‘‘ متعارف کرائے ہیں مگر قومی خزانے پر بوجھ بڑھنے کے باوجود صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں چوری،ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں کمی نہیں آ سکی جن کی بڑی وجہ محکمہ پولیس کی بھاری نفری کا عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے حکمرانوں کو سکیورٹی فراہم کرنے سمیت ان کی چاپلوسی میں مصروف رہنا ہے، ان حالات میں معاشرے میں جرائم کا اضافہ لازمی امر ہے۔ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے محکمہ پولیس کا فعال ہونا ضروری ہے اس کیلئے حکومت کو چاہئے کہ وہ پولیس کو ریاستی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے بجائے معاشرے میں قیام امن کیلئے قانون کے مطابق آزاد انہ حیثیت میں کام کرنے کے موقع دے اور اس کے ساتھ محکمہ پولیس کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنا بھی ضروری ہے جو مایوس کن کارکردگی کے باعث محکمے کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔(صداقت علی ناز، حبیب ٹائون کامونکے ضلع گوجرانوالہ)