کسی جماعت کیلئے انتخابی میدان کے راستے بند نہ ہونے دینا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے
الیکشن کمیشن کی 2018ء کے انتخابات کیلئے ٹھوس تیاریاں اور قوم کی توقعات
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے 26, 25 اور 27 جولائی کی تاریخ تجویز کی ہے جس کی حتمی منظوری صدر مملکت دینگے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جون کے پہلے ہفتے انتخابی شیڈول جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2018ء کے انتخابات میں پہلی بارجدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار آراوز کو لیپ ٹاپ دیئے جائینگے۔ اسی طرح ریٹرننگ افسروں کو دو دو ڈیٹا انٹری آپریٹرز بھی دے دیئے گئے ہیں جو پولنگ سٹیشن سے موصول رزلٹ تیار کرینگے۔ پریذائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن سے ہی رزلٹ کی تصاویر ریٹرننگ افسروں کو بھجوائیں گے اور ریٹرننگ افسر رات 2 بجے تک رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے پابند ہونگے جبکہ رزلٹ میں تاخیر کی ریٹرننگ افسر کو تحریری وجوہات دینا ہونگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو بھجوائی گئی سمری میں بتایا گیا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائیگی جس کیلئے ہائیکورٹوں کے رجسٹرار حضرات سے ڈسٹرکٹ و سیشن ججوں اور سول ججوں کی فہرستیں مانگی جاچکی ہیں۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن پنجاب نے بھی الیکشن 2018ء کیلئے پنجاب بھر میں پولنگ سکیموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے جرمنی سے بیلٹ پیپر واٹرمارک منگوالئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے الیکشن کمیشن کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کمیٹی کے روبرو پیش ہونیوالے الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری ظفراقبال کو باور کرایا ہے کہ 2013ء کے انتخابات پر آج بھی سوالیہ نشان موجود ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں سیاہی اور بیلٹ پیپرز کے مسائل نہ ہوں۔ الیکشن بہرصورت شفاف ہونے چاہئیں اور جو غلطیاں پہلے ہوئی ہیں‘ وہ دوبارہ سرزد نہیں ہونی چاہیے۔
یہ خوش آئند صورتحال ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 2018ء کے انتخابات کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سینیٹر آصف سعید کرمانی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کیلئے جدید دور کے طریقے اختیار کرنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس امر کو بہرصورت یقینی بنایا جائے کہ نتائج مرتب کرتے وقت کوئی گڑبڑ نہ کی جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پریذائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن پر رزلٹ کی تصاویر ریٹرننگ افسروں کو بھیجتے ہوئے ہر متعلقہ امیدوار کو بھی بھجوا دیں تاکہ امیدوار بالخصوص انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتیں بھی ساتھ ہی ساتھ رزلٹ مرتب کر سکیں۔ اسی طرح تحریک انصاف پنجاب سنٹرل کے صدر عبدالعلیم خان نے بھی الیکشن کمیشن کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ 2013ء کے انتخابات کے حوالے سے چونکہ سب سے زیادہ تحریک انصاف کو ہی شکایت لاحق ہوئی تھی جس نے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کو بنیاد بنا کر الیکشن کمیشن کو رگیدا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیخلاف لانگ مارچ اور دھرنوں کی تحریک شروع کی اس لئے اب تحریک انصاف کی جانب سے 2018ء کے انتخابات کیلئے الیکشن کے انتظامات پر مطمئن ہونا الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار ہے تاہم انتخابی دھاندلیوں کے الزامات ہمارے انتخابی کلچر کا حصہ ہے اس لئے الیکشن کمیشن کو بہرصورت ایسے الزامات کا 2018ء کے انتخابات کے حوالے سے بھی سامنا کرنا پڑیگا۔ قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات کا سلسلہ تو ابھی سے شروع ہوگیا ہے جس کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت ’’خلائی مخلوق‘‘ کی اصطلاح استعمال کرکے 2018 ء کے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے بے وقعت ہونے کا الزام عائد کرچکی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی جانب سے عمران خان کے اپنی ممکنہ حکومت کے پہلے سو دن کے اعلان کردہ کاموں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قبل ازانتخابات دھاندلی قرار دیا جاچکا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بقول تحریک انصاف کا پروگرام عوام کے سامنے پیش کرنا دھاندلی کی جانب اشارہ ہے اس لئے وہ انتخابات جیت بھی گئی تو کوئی اس الیکشن کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہوگا۔ انہوں نے ساتھ ہی ساتھ یہ چیلنج بھی دے دیا کہ عمران خان کے دعوے سو روز میں پورے ہوگئے تو وہ سیاست چھوڑ دینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے بھی اسی تناظر میں باور کرایا ہے کہ 100 دن کی باتیں کرنیوالے عوام کو سبزباغ دکھا رہے ہیں۔ ان کا مطمحٔ نظر محض کرسی ہے جس کیلئے آج زرداری‘ نیازی بھائی بھائی بن گئے ہیں۔
ایسے الزامات تو بہرصورت انتخابات کے انعقاد تک اور پھر انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد لگتے ہی رہیں گے کیونکہ ہارنے والے کسی امیدوار یاپارٹی کیلئے خوش دلی سے انتخابی نتائج قبول کرنا بہت مشکل ہوتا ہے تاہم خوش آئند صورتحال یہ ہے کہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے اب تک سیاسی افق پر چھائی غیریقینی کی فضا اب چھٹنے لگی ہے اور انتخابات میں ’’خلائی مخلوق‘‘ کے عمل دخل کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ بلیم گیم کھیلنے والی سیاسی جماعتوں کو بھی اب مقررہ وقت کے اندر انتخابات کے انعقاد کا یقین آنے لگا ہے چنانچہ آج مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی انتخابی عمل پر تحفظات کے اظہار کے باوجود پبلک جلسوں کے ذریعہ عوام کے ساتھ رابطے میں ہے اور تحریک انصاف‘ پیپلزپارٹی‘ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام (ف) سمیت دوسری تمام جماعتیں بھی اپنے پبلک جلسوں کے ذریعے سیاسی ماحول کو گرما رہی ہیں۔ اگر سیاسی جماعتوں اور انکی قیادتوں نے سیاسی ماحول گرمانے کے عمل میں محاذآرائی اور کشیدگی کی نوبت نہ آنے دی تو الیکشن کمیشن کے تجویز کردہ شیڈول کے مطابق آئندہ دو ماہ تک 2018ء کے انتخابات کا انعقاد یقینی ہے۔ یہ صورتحال یقیناً تمام قومی سیاسی قائدین سے مکمل احتیاط کی متقاضی ہے۔ اگر وہ احتیاط کا دامن چھوڑیں گے اور انتخابی مہم کے دوران انکے کسی طرز عمل سے سیاسی کشیدگی اور محاذآرائی بڑھتے بڑھتے کسی تصادم کی نوبت لائے گی تو ایسے حالات میں انتخابی عمل کو بریک لگانے کیلئے کسی ماورائے آئین اقدام کو بعیدازقیاس قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس تناظر میں قومی سیاسی قیادتوں پر بھی بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے کہ وہ ٹریک پر چڑھی جمہوریت کی گاڑی کو سبک خرامی سے رواں رکھیں اور اپنے کسی بھی اقدام سے ان عناصر کو فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم نہ کریں جو اپنے مفادات کے تحت جمہوری عمل کو سبوتاژ کرانے کیلئے موقع کی تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو اب ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کے بجائے اپنے اپنے ٹھوس انتخابی منشور کے ساتھ رابطۂ عوام مہم کو آگے بڑھانا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) نے پہلے ہی اپنی رابطۂ عوام مہم کا شیڈول طے کرکے اسکے مطابق پبلک جلسوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جن میں میاں نوازشریف اپنے سیاسی بیانیے پر زور دے رہے ہیں اور اپنے ووٹرز کو باور کرا رہے ہیں کہ انتخابات میں انہیں بھاری مینڈیٹ ملے گا تو وہ ووٹ کی اس طاقت سے خود بھی اقتدار کے ایوانوں میں واپس آجائینگے اور جمہوریت کی عملداری پر زد پڑنے کا باعث بننے والی آئینی اور قانونی شقوں میں بھی تبدیلی لے آئینگے۔ انکے ریاستی اداروں کیساتھ ٹکرائو کا تاثر مضبوط بنانے والے سیاسی بیانیے کے باعث ہی مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد کے بارے میں چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوا اور یہ تاثر مضبوط ہوتا نظر آیا کہ میاں نوازشریف کی اس سوچ کی بنیاد پر انتخابات میں انکی پارٹی کو سرخرو ہونے کا مشکل ہی سے موقع فراہم کیا جائیگا اس لئے مقررہ میعاد میں انتخابات کے انعقاد پر غیریقینی کے بادل چھائے نظر آنے لگے۔ تاہم میاں شہبازشریف کی زیرقیادت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تمام متعلقین کو اداروں کے ساتھ ٹکرائو سے گریز اور مفاہمانہ سیاست کا ٹھوس پیغام دیا جارہا ہے جس کی بنیاد پر انتخابی ماحول میں غیریقینی کی فضا اب چھٹتی نظر آرہی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے مجوزہ انتخابی شیڈول اور انتخابات کی ٹھوس بنیادوں پر تیاری سے اب مقررہ وقت میں انتخابات کا انعقاد یقینی نظر آنے لگا ہے۔
اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابی دنگل میں اترنے کے یکساں مواقع موجود ہیں جبکہ تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن)‘ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے پاس وفاق اور صوبوں میں اپنی اپنی حکومت کی کارکردگی کا سہارا بھی موجود ہے۔ عمران خان نے اپنی خیبر پی کے حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی اپنی ممکنہ وفاقی حکومت کے پہلے سو دن کے کاموں کی فہرست مرتب کی ہے جو دو روز قبل عوام کے سامنے پیش بھی کردی گئی ہے اس لئے عوام آئندہ کی قیادت کیلئے انتخابات سے قبل اپنے ذہن میں کوئی نہ کوئی خاکہ ضرور بنالیں گے۔ اس صورتحال میں توقع کی جانی چاہیے کہ الیکشن کمیشن اپنی کمٹمنٹ کے مطابق صحیح معنوں میں آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے میں کامیاب ہو جائیگا جس کے بعد کسی جماعت یا امیدوار کیلئے انتخابی دھاندلیوں کے الزامات لگا کر انتخابی عمل کو مشکوک بنانا مشکل ہو گا۔اگر اب تک ہماری سیاسی فضا مکدر رہی ہے اور انتخابات کے بروقت اور شفاف انعقاد کے معاملہ میں غیریقینی کی فضا نظر آتی رہی ہے تو اس میں سیاسی قائدین کے علاوہ متعلقہ ادارے بھی اپنا حصہ ڈالتے نظر آتے رہے ہیں۔ بے لاگ احتساب یقیناً پوری قوم کا مطمحٔ نظر ہے تاہم انتخابی عمل کے دوران کسی مخصوص سیاسی جماعت اور اسکی قیادت کیخلاف احتساب کی کارروائی کو گرمانا اسکے بارے میں رائے عامہ تبدیل کرانے کی کوشش ہی ہو سکتی ہے۔ احتساب کا عمل عام انتخابات کے انعقاد کے بعد بھی جاری رہ سکتا ہے تاہم اس وقت جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی ممکنہ تاریخ کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والی کسی بھی پارٹی اور اسکی قیادت کیخلاف احتساب کی کارروائی جاری رکھنا اسے انتخابی سیاسی عمل سے باہر نکالنے کی کوشش سمجھی جائیگی۔ اگر اس موقع پر کسی پارٹی کیلئے انتخابی میدان میں آزادانہ طور پر اترنے کے راستے مسدود کئے گئے تو اس سے انتخابی عمل مشکوک ہی نہیں‘ متنازعہ اور ناقابل قبول بھی ہو سکتا ہے اس لئے الیکشن کمیشن کو انتخابی تیاریوں میں یہ امر بھی یقینی بنانا چاہیے کہ کسی جماعت کیلئے انتخابی میدان میں اترنے کے راستے بند نہ ہوں۔ یقیناً یہ الیکشن کمیشن کی اہلیت کا امتحان ہے اور قوم کو توقع ہے کہ الیکشن کمیشن اس امتحان میں سرخرو ہوگا۔