ملکی معیشت سے متعلق موڈیز کی حوصلہ افزا رپورٹ
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شفافیت اور کم مہنگائی نے معیشت مضبوط کی۔
موڈیز ایک قابل اعتماد ، عالمی ادارہ ہے جس کے جائزوں اور رپورٹوں کی ساکھ پر انگلی نہیں اٹھائی جاسکتی۔ بڑی بڑی معیشتیں باالعموم اقتصادی و ترقیاتی پالیسیاں وضع کرتے وقت موڈیز کی جائزوں سے استفادہ کرتی ہیں۔ موڈیز کی رپورٹوں کو پوائنٹ سکورنگ یا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ بنا بریں مسلم لیگ (ن) ایسی مثبت رپورٹوں کو بجاطور پر عوام کے سامنے رکھ سکتی ہے۔ موجودہ اور آنیوالی حکومت موڈیز کی رپورٹس کو اپنے نئے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد اور اساس بنا سکتی ہے۔ تاہم اس رپورٹ کے دوسرے حصے کو بھی پیش نظر رکھنا ہو گا۔ ایسی معیشتیں اور انفراسٹرکچر کمزور کہلاتے ہیں جن کی درآمدات اور برآمدات کا توازن بُری طرح بگڑ چکا ہو۔ پاکستان کی بھی یہی حالت ہے۔ درآمدات اور برآمدات میں سرے سے کوئی نسبت ہی نہیں۔ ہمارے پاس برآمد کیلئے ٹیکسٹائل کی مصنوعات، چاول ، گندم چینی اور تھوڑے بہت پھلوں کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے، ہم زرعی پیداوار ا ور زراعت پر مبنی انڈسٹری ، گوشت، دودھ، پنیر، اون اور کھالوں وغیرہ کے علاوہ کانکنی کو فروغ دے کر اور مختلف قسم کی معدنیات کی برآمد کو بڑھا کردرآمدات اور برآمدات کے فرق کو دور کر سکتے ہیں۔ اس و قت جتنی بھی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، وہ سی پیک کی بنیاد پر ہے۔ ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ پرکشش ترغیبات کے ذریعے دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی مواقع اور امکانات فراہم کریں۔