سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ جاری ایک رینجر اہلکار شہید
سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید،3زخمی ۔ پاکستان کے ساتھ گولیوں میں مذاکرات مشکل، امن کی رائے کو سنجیدگی سے لیا جائے، بھارتی وزیر دفاع۔
کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور بلا جواز فائرنگ معمول بن چکی ہے جبکہ اب سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھی بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ حالات اس بات کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ بھارت کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے اور اس کا سارا الزام پاکستان پر تھوپ رہا ہے۔ بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع رائو اندر جیت کا یہ بیان کہ گولیوں میں پاکستان سے مذاکرات ممکن نہیں چور مچائے شور والا معاملہ ہے، بھارت خود سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ کرتا ہے کنٹرول لائن پر گولیاں ہی نہیں برساتا‘ بمباری بھی کر رہا ہے اس کی آڑ میں خودہی مذاکرات سے بھی انکار کرتا ہے اور شور مچا کر عالمی رائے عامہ کو بھی گمراہ کر رہا ہے۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت عالمی سطح پر اپنے سفارت خانوں کے ذریعے اقوام عالم کے سامنے میں بھارت کی عیاری اور مکاری بے نقاب کرے۔ آئے روز سرحدی علاقوں میں فائرنگ ،بمباری اور اسکے نتیجے میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات سے عالمی برادری کو آگاہ کرے اور انہیں بھارت کا اصل چہرہ دکھائے۔