اطالوی چیمپئن انٹرمیلان نے جرمن چیمپئن بائرن میونخ کو چیمپئنز فٹبال لیگ میں شکست دے کر پینتالیس سال بعد یورپیئن چیمپئن کا تاج بھی اپنے سر پر سجا لیا۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں انٹرمیلان نے بائرن میونخ کو صفر کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملے کئے تاہم انٹرمیلان کو اس وقت کامیابی نصیب ہوئی جب اطالوی سٹرائیکر ڈیگو ملیٹو نے کھیل کے چونتیس ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ انٹرمیلان کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں بھی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آیا اور بائرن میونخ نے مخالف ٹیم کی برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سترویں منٹ میں ایک مرتبہ پھر اطالوی سٹرائیکر ڈیگو ملیٹو نے دوسرا گول کر کے انٹرمیلان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ انٹرمیلان نے اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ دو مرتبہ انیس سو پینسٹھ اور انیس سو چونسٹھ میں جیتا تھا۔ انٹرمیلان کی ٹیم رواں سال اٹالین لیگ اور اٹالین کپ بھی جیت چکی ہے۔