راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ جنرل رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کو احتجاج پر درج مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کے 113 کارکنوں کو راہداری ریمانڈ پر اسلام پولیس کے حوالے کر دیا۔ 113 میں سے 17 ملزموں کی ضمانت عدالت نے پہلے ہی منظور کی ہوئی ہے لیکن ملزموں کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کے باعث رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔ اسلام آباد پولیس نے موقف نہیں اختیار کیا ملزموں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ کوہسار اور تھانہ ترنول میں دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں اور ملزموں کے خلاف پولیس کے پاس اہم شواہد بھی موجود ہیں کہ وہ 26 نومبر کے احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے 26 نومبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنماؤں اعظم سواتی اور سلمان اکرم راجہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی ہے جبکہ صنم جاوید، مشال یوسفزئی اور احد شاہ کی درخواست ضمانت کی سماعت بھی ملتوی کر دی۔
پی ٹی آئی کے گرفتار کارکن راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے
Mar 23, 2025