راولپنڈی :آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاک فوج اور اس کے تمام میڈیکل وسائل کو تیار رہنے کاحکم دے دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی . کانفرنس میں تمام کورکمانڈرز نے اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ آئی ایس پی آرکےمطابق کانفرنس کا واحد ایجنڈا کورونا وائرس سے متعلق تھا جس میں کورونا کے ملک گیر پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کورونا وائرس کے مسئلے پرسول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور اس کے تمام میڈیکل وسائل کو تیاررہنے کا حکم دے دیا گیا ہےاور پاک فوج مختصر نوٹس پرسول انتظامیہ کی مدد کے لیے تیار ہے۔خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو کوئی چیز شکست نہیں دے سکتی ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ قوم کی خدمت اور حفاظت ہمارا مقدس فریضہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم کے تحفظ کی کوشش میں پاک فوج اپنا بھرپور کردارادا کرے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں وضع کردہ حکمت عملی جلد سامنے لائی جائے گی۔