نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات میں سول اور ملٹری ایوارڈز کی تقسیم
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک اور قوم کے لیے اہم خدمات سرانجام دینے والی 18 غیر ملکی سمیت 128 شخصیات کو سول اور ملٹری ایوارڈز سے نوازا۔
تقسیم ایواڈز کی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اپنے شعبوں کے ماہرین اور اس اعزاز کے صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔فوجی کیٹیگری میں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بصالت کے اعزازات دیئے گئے۔سول کیٹیگری میں نشان امتیاز، ہلال قائد اعظم، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، ستارہ قائد اعظم، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز شامل ہیں۔سول ایوارڈ حاصل کرنے والے نمایاں افراد میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس، کرکٹر یاسر شاہ، گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی اور سجاد علی، فلم اداکارہ بابرہ شریف، ریما خان، مہوش حیات، شبیر جان اور افتخار ٹھاکر، نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ، ٹی وی اینکر ارشد شریف اور تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی شامل ہیں۔