پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جو جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے, پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے تاہم اس کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے ۔آج اسلام آباد میں فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جو جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے. انہوں نے کہاکہ پاکستان دوسرے ملکوں کی سا لمیت اور خودمختاری کااحترام کرتاہے ۔صدر نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث خطے کا امن دائو پر لگ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کوپاکستان کو ایک حقیقت کے طور پر تسلیم کرنا چاہئے اور اسے یہ سمجھنا چاہئے کہ مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔صدرنے کہاکہ ہم ایک پرامن قوم ہیں لیکن ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں اور یہ بات پاکستان کی دفاعی صلاحیت کے حالیہ مظاہرے میں ثابت ہوگئی ہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کو کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جو مادر وطن کے دفاع کیلئے ہردم چوکس ہیں ,پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جس پر پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کوخراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان آج ایک مضبوط فوجی طاقت اور ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔دہشتگردی کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان نے موثر فوجی کارروائی کے ذریعے دہشتگردی کے چیلنج پر کامیابی سے قابو پایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک اب محفوظ ہے اورترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن ہے تاہم انہوں نے کہاکہ ملک غربت ، بھوک ، بے روزگاری اور انتہاپسندانہ ذہنیت کے چیلنجوں سے عہدہ برآ ہورہا ہے ۔