پاک فوج کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ شکرپڑیاں میں یوم پاکستان کے موقع پر غیر معمولی قومی تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان کی دفاعی قوت کا غیر معمولی مظاہرہ کیا گیا۔فضاء میں قوس وقزاح کے رنگ بکھر گئے۔دوست ممالک کے پائلٹس نے غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطار میں انتہائی قریب سے جہاز اڑائے۔پلٹتے جھپٹتے ان جہازوں نے لہو کو گرما دیا اور پریڈ گرائونڈ زوردار تالیوں سے گونج اٹھا۔
آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے علاقائی و ثقافتی فلوٹس نے قومی تقریب کو چارچاندلگادیے۔دوست ملک ترکی کے میزبان نے ترک فضائی مظاہرے کے دوران اردو میں پیغام کے ذریعے جوش و خروش پیدا کر دیا ،دوست ممالک نے پیغام دیا کہ پاکستان سے ہمیشہ محبت کرتے رہیں گے پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا ۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر صبح 9 بجے شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ میں قومی تقریب ہوئی۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی جبکہ ملائیشیاء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد ،وزیراعظم عمران خان نے خصوصی مہمانان کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور طاقت وقوت سے متعلق آیات پڑھی گئیں۔قومی ترانہ پڑھا گیا پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے صدر مملکت نے فوجی دستوں کا معائنہ کیا۔
مارچ پاسٹ سے قبل پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور کی قیادت میں صدر پاکستان کو فضائی سلام پیش کیا گیا۔کاک پٹ سے پاک فضائیہ کے سربراہ نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔بعد ازاں مارچ پاسٹ ہوا جس میں بری،بحری ،فضائی دستوں،ایل او سی پر تعینات مجاہد فورسز،فرنٹیرکور،اسلام آباد پولیس،فوج کی خواتین آفیسر کے دستے،آزاد کشمیر کی گرل گائیڈ،کمانڈوز،بوائے سکائو ٹس نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔مہاتیر محمد اور عمران خان بھی سلامی کے چبوترے پر صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔دوران تقریب 27 فروری 2019ء کو پاک فضائیہ کی طرف سے بھارتی پسپائی کا خصوصی ذکر کیا گیا اور ساتھ ہی میزبان کی طرف سے یہ شعر پڑھا گیا۔''سر ہمیشہ اٹھا کر چلتے ہیں،ان مجاہدوں کی یہی عادت ہے''۔ڈیفینس سیکیورٹی فورسز کا دستہ بھی شامل تھا اسی طرح ایس پی ڈی کا دستہ بھی شامل تھا۔تینوں مسلح افواج کے جوانوں پر مشتمل علمبردار دستے نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اورسلام پیش کرتے ہوئے ''اﷲ ھو'' کا نعرہ لگا رہے تھے۔
عسکری بینڈ کی طرف سے دوران مارچ پاسٹ''اﷲ کی رحمت کا سایہ ،توحید کا پرچم لہرایا،اے مرد مجاہد جاگ ذرا '' ملی نغمے کی دھن بجائی جاتی رہی۔بعدازاں میزائل ٹیکنالوجی،ایئر ڈیفنس،جدید مواصلاتی نظام ،ڈرون ،جدید ترین الخالد و الضرار ٹینک سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔پاکستان کے جدید ترین ریڈار سسٹم کی بھی نمائش کی گئی۔بعدازاں علاقائی ثقافت پر مشتمل فلوٹس گزرے۔سب سے پہلے آزاد کشمیر کا فلوٹ گزرا جس کے آگے جوانوں نے ہاتھوں میں تلواریں اٹھا رہی تھیں اور روایتی فن کا مظاہرہ کر رہے تھے آزاد کشمیر کے فلوٹ پر مقامی ثقافت کے نمونے بھی رکھے گئے تھے بعدازاں بلوچستان کا فلوٹ گزرا جس کے آگے بلوچ پگڑی پہنے جوان رقص کررہے تھے بلوچستان کے فلوٹ پر مارخور ہرن کا ماڈل بھی رکھا گیا تھا۔گلگت بلتستان کے فلوٹ پر برف پوش چوٹیوں کی منظر کشی کی گئی تھی۔سی پیک کو بھی اجاگر کیا گیا تھا خیبرپختونخوا کے فلوٹ پر باب خیبر،اسلامیہ کالج کے ماڈلز کے علاوہ گوتھم بدھ کے مجمسے کی ایک بڑی ہورڈنگ بھی لگی ہوئی تھی پنجاب کے فلوٹ پر روایتی جھمر ڈالا گیا اور فنکاروں نے بڑے بڑے ڈھول اٹھا رکھے تھے۔فلوٹ پر کاشت کاری کو بھی نمایاں کیا گیا تھا۔سندھ کے فلوٹ پر وادی مہران کی ثقافت نمایاں کی گئی تھی ۔قومی تقریب میں غیر معمولی فضائی مظاہرہ کیا گیا۔پاکستان کے علاوہ چین اور ترکی کے پائلٹس نے شرکاء تقریب اور پوری قوم کو حیران کر دیا۔پاکستانی پائلٹس نے جے ایف 17 تھنڈر کی بلند ترین اور انتہائی نچلی پروازیں بھی کیں۔ترک پائلٹ بھی اپنے ایف 16 طیارے کو انتہائی نیچے لے آیا تھا چین کے بیک وقت چھ جدید طیاروں نے قریب سے گزرتے ہوئے سلامی پیش کی جس سے دھڑکنیں تیز ہو گئیں ۔چینی پائلٹس نے ان جہازوں کے ذریعے سبز اور لال رنگ بکھیر دیئے اور پاک چین دوستی کی عکاسی کی۔پاکستان،بحرین،سعودی عرب ،برونائی،آذربائیجان ،چین،سری لنکا کے بہادر چھاتہ برداروں نے بھی شرکاء تقریب اور صدر پاکستان،ملائیشیا کے وزیر اعظم اور پاکستان کے وزیر اعظم کو حیران کر دیا یہ چھاتہ بردار عین سلامی کے چبوتر کے سامنے اترے۔مارچ پاسٹ میں بھی آذربائیجان،سعودی عرب کے دستوں نے حصہ لیا۔یوم پاکستان کے موقع پر غیر معمولی طور پر دشمن پر انتہائی ہیبت طاری کرنے والی فوجی پریڈ ہوئی۔شاہینوں نے ایک موقع پر اسلام آباد کے حسین افق پر اتنے رنگ بکھیر دیئے تھے کہ کچھ دیر کے لیے فضاء آنکھوں کے اوجھل ہو گئی تھی اور پریڈ کے آخر میں پاکستان زندہ باد نغمہ پڑھاگیا۔
صدر پاکستان نے مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا۔سعودی عرب کے وفد کے سربراہ نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے ملک کا پرچم پیش کیا۔آذربائیجان کے وفد کے سربراہ کے ساتھ بھی پرچموں کا تبادلہ ہوا۔پریڈ میں ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت سعودی جوانوں نے بھی حصہ لیا۔اسی طرح 45 گھوڑوں پر مشتمل صدارتی دستہ بھی شریک ہوا۔صحرائی جہازوں(اونٹ) کے دستے نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔کشمیر جنت نظیر کی بھی عکاسی کی گئی۔
غیر معمولی طور پر 27 فروری 2019ء کو بھارتی پسپائی کا تذکرہ کیا گیا جس پر شرکاء تقریب جوش میں آ گئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگنے لگے۔مسئلہ کشمیر خطہ میں امن وسلامتی کے پاکستانی کاذ کو بھی اجاگر کیا گیا۔