قلعہ دیدار سنگھ : پسند کی شادی کرنے پر بھائی نے بہن اور بہنوئی کو قتل کر دیا
گوجرانوالہ+لدھیوالہ وڑائچ +قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی /نمائندہ نوائے وقت/نامہ نگار) تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقہ پپناکھہ میں غیرت کے نام پر بھائی نے ساتھیوں سے مل کر پسند کی شادی کرنے والی بہن اور بہنوئی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا، ملزمان فرار ۔مقتولین رحیم یار خان کے رہائشی تھے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے رہائشی اکبر ولد اللہ دتہ نے تین سال قبل آسیہ بی بی سے پسند کی شادی کی جو آسیہ بی بی کے گھر والوں کو منظور نہ تھی۔ گزشتہ رات دونوں میاں بیوی اپنے چھ ماہ کے بیٹے کے ساتھ گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ آسیہ بی بی کے بھائی احمد محمود نے جاوید اقبال اور دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر گھس کر دونوں میاں بیوی کو چھریوں کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے مقتولین کی نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو منتقل کر دی ہے۔