گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل قبضے کو قانونی حیثیت دینے کی اجازت نہیں دینگے: اردگان
انقرہ ، بیروت( نوائے وقت رپورٹ/ انٹر نیشنل ڈیسک ) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے متنازعہ بیان سے خطے میں نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قانونی حیثیت دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ گولڈن کی پہاڑیوں پر اسرائیل کی حاکمیت کو تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا یہ پہاڑیاں شام کی ملکیت ہیں، حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ یورپی یونین، مصر نے بھی ٹرمپ کے بیان کی مذمت کی ہے۔شامی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گولان کی پہاڑیوں سے متعلق اپنے ملکی موقف تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس امریکی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صہیونی قبضے کے ساتھ ساتھ جارحانہ اقدامات کی حمایت کا تسلسل ہے۔ شامی وزارت خارجہ کے ایک ذرائع نے ملکی نیوز ایجنسی سانا کو بتایا کہ گولان کی پہاڑیوں کے بارے میں امریکی موقف میں اچانک تبدیلی حقیقت میں بین الاقوامی رائے اور قانون کی توہین ہے۔ عرب لیگ نے بھی شامی موقف کی حمایت کرتے ہوئے اس امریکی فیصلے کو بین الاقوامی قانون کی حدود سے تجاوز قرار دیا ہے۔