ملالہ کا جی20سے لڑکیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز میں اضافے کامطالبہ
ٹوکیو(نیوز ڈیسک)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے جاپان سمیت جی20 ممالک سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی، جاپان میں منعقدہ جی20 سربراہی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ملالہ یوسف زئی نے جاپان کے وزیراعظم شینزوآبے کو ‘مستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی امن کی خاطر اس وقت لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہے کہ وزیراعظم شنزآبے رواں سال کے جی20 کے میزبان کی حیثیت سے جاپان میں لڑکیوں کی تعلیم اور لڑکیوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی خاطر تمام رہنماؤں کو نئی فنڈنگ پر آمادہ کریں گے’۔انہوں نے کہا کہ ‘مجھے توقع ہے کہ وہ جاپان میں میری بہنوں کی مدد کے لیے جی20 کی صدارت کو استعمال کرسکتے ہیں، جی20 ممالک اور پوری دنیا کو اپنے تمام اہداف تک پہنچنے کے لیے یہ ضروری ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہتر کام کرتی ہے جب لڑکیاں اسکول جاتی ہیں’۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012 میں سکول وین میں فائرنگ کا نشانہ بنی تھیں جس کے بعد وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔جاپانی وزیراعظم نے خواتین کی تعلیم وترقی کیلئے ملالہ کی کوششوںکی تعریف کی۔جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات اور خطرات کے باوجود ملالہ یوسف زئی نے خواتین کی تعلیم کیلئے آواز بلند کر کے مژال قائم کی۔