2 خود کشیاں عارفوالہ میں بیٹی کی زندگی اجیرن بنانے پر والدہ نے جان دیدی
عارفوالہ+لاہور ( نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) عارفوالہ میں بیٹی کی زندگی اجیرن بنانے پر ماں جبکہ شیرا کوٹ میں گھریلو پریشانی پر 3بچوں کے باپ نے موت کو گلے لگا لیا۔ تفصیلات کے مطابق عارفوالا کے نواحی گائوں207ebکی خاتون کی بیٹی ساتویں جماعت کی طالبہ سے سکول جاتے ہوئے ہمسایہ دکاندار اور اس کے 4ساتھی چھیڑ چھاڑ کرتے تھے ۔ والدہ نے ان کے منت سماجت بھی کی اور بچی کو سکول سے ہٹا لیا وہ پھر بھی باز نہ آئے۔ مقامی پولیس کو بھی رپورٹ کی لیکن پولیس نے بھی کوئی کارروائی نہ کی جس پر دلبرداشتہ ہو کر طالبہ کی والدہ نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ شیرا کوٹ میں 3بچوں کا باپ عبدالرحمن گھریلو حالات سے پریشان تھا گزشتہ روز اس نے کنپٹی پر پستول سے فائر کر کے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔