دنیا بھر میں مسلمانوں پر حملے کرنیوالوں کا مائنڈ سیٹ ایک ہے:اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں سانحہ کرائسٹ چرچ کی مذمت کیلئے ’’یوم شھداء نیوزی لینڈ ‘‘منایا گیا۔ اس موقع پر خطبات جمعۃ المبارک میں اسلام فوبیاکی مذمت کی گئی ۔نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے نمازیوں کی ارواح کو ایصال ثواب کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا پوری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کا یقینا ایک مذہب اور ایک مائنڈ سیٹ ہے اوراس مذہب کا نام اسلام دشمنی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ دہشت گرد کا مذہب اسلام نہیں ہوتا مغرب نے جس کو اسلامی دہشت گردی کہا وہ انہی کی پروردہ داعش جیسی تنظیموں کی کاروائیاں ہیں۔انہیں اسلام سے جوڑنا ہر گز انصاف نہیںہے مساجد میں نمازیوں کا قتل عام خواہ پاکستان میں ہو یا نیوزی لینڈ میں قابلِ مذمت اور دہشت گردی ہے اور یہ اسلام دشمن قوتوں کی کارروائیاں ہیں۔گذشتہ دن برمنگھم میں چار مساجد پر ہتھوڑوں سے حملے کیے گئے ہم اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ اسلام کی دن بدن ترقی یورپ سے برداشت نہیں ہورہی ۔چنانچہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں ۔