23مارچ قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے:اعجاز عالم آگسٹین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین نے پوری پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے 23مارچ کا دن پوری پاکستانی قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ اپنی مادر وطن کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنے قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کا دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ کیسے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور ہمارے بڑوں نے کیسے پاکستان کے حصول کیلئے اپنے جان و مال کی لازوال قربانیاں دیں ،اب ہمارا فرض ہے کہ اپنے آنیوالی نسلوں کیلئے ایسے پاکستان کی تکمیل کرکے جائیں کہ جس میں پیار،امن و محبت کے ساتھ سب اکٹھے رہ سکیں ۔