چین سے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر 25 مارچ تک مل جائینگے،وزارت خزانہ
اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کے بعد چین سے بھی پاکستان کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی ۔ پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے چین بھی میدان میں آ گیا ۔وزارت خارجہ کے ترجمان خاقان حسن نجیب نے ٹوئٹر پر خوش خبر ی سنائی کہ چین، پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر دے گا ،جس کے لیے ضابطے کی تمام تر کارروائیاں مکمل کر لی گئیں ۔ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق چین سے ملنے والی رقم پچیس مارچ کو مرکزی اسٹیٹ بینک میں جمع ہو گی، رقم سے ادائیگیوں کے توازن میں استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، حکومت کی موثرپالیسیوں سے ترسیلات میں اضافہ، سرمایہ کاری کو فروغ ملا اور خسارے میں کمی ہوئی ہے ۔اس سے پہلے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے چھ ارب ڈالر کے معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت تین ارب ڈالرپاکستان کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے ابوظبی فنڈ برائے ترقی نے بھی پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے ہیں۔