سپریم کورٹ نے نقیب محسود قتل پر از خود نوٹس نمٹا دیا‘ 4صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے نقیب اللہ محسود قتل ازخود نوٹس کا چارصفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ حکم نامہ میں جے آئی ٹی کو کیس کی جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ازخود نوٹس نمٹادیا گیا ۔حکم چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے تحریر کیا کہ سابق ایس ایس پی ملیر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ راؤ انوار نے عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ۔ ان کے وکیل ملک شکیل الرحمن کی درخواست اور راؤ انوار کی طرف سے کی گئی وضاحت پر ہم یہ ضروری نہیں سمجھتے کہ 16 فروری کو ان کیخلاف شروع کی گئی توہین عدالت کی کارروائی جاری رکھے۔ اس لئے توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جاتی ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار کے قانونی، آئینی اور ٹرائل کے حق کے تحفظ کے لئے ہم سٹیٹ بنک کے ذریعے راؤ انوار کے بنک اکاؤنٹس کا آپریشن معطل کرنے کی پابندی اٹھا رہے ہیں۔ نادرا کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بلاک شدہ شناختی کارڈ بحال کریں۔ اس اقدام کی نقیب اللہ محسود کے خاندان کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل فیصل صدیقی نے بھی تصدیق کی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہم نے حفاظتی ضمانت دینے سے انکار کیا۔