عمران جرمنی‘ چین‘ کوریا میں پیدا ہوتا تو وہ بھی ترقی نہ کرتے: احسن اقبال
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ سے ملک کو 16 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا۔ 2013ء میں بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار پاکستان آج روشنیوں کا گہوارہ بن چکا ہے۔ جرمنی‘ کوریا اور چین میں بھی عمران خان پیدا ہوتا تو وہ ملک بھی ترقی نہ کر سکتے۔ ویژن 2025ء کے تحت پاکستان کو دنیا کی ابھرتی ہوئی 25 معیشتوں میں شامل کروائیں گے۔ وہ یہاں ایک تقریب میں جذبہ تعمیر مہم کے خدوخال کے حوالے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو آج 1940ء والے تعمیری جذبے کی ضرورت ہے۔ ہمیں منفی عناصر کو شکست دینی ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی سے امن کی طرف تیزی سے ترقی کی ہے۔ کھیل کے میدانوں کی رونقیں بحال ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 300 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔آج معیشت بہترین گروتھ ریٹ پر پہنچ چکی ہے۔ 23 مارچ کو ایک مہم شروع کر رہے ہیں جس کا نام ہیش ٹیگ جذبہ تعمیر ہے۔ مزید براں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان 2020ء میں چین کے تعاون سے اپنے دو خلا باز خلا میں بھیجے گا۔ چینی سفیر یاو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستانی سائنسدان بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ وہ جمعرات کو پاکستان اور چین کے مابین خلائی شعبے میں تعاون کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔