نوازشریف نے قدم قدم پر میثاق جمہوریت سے انحراف کیا‘نیئر بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے نوازشریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف کو آئینہ دکھایا ہے کیونکہ نوازشریف نے ہر قدم پر میثاق جمہوریت سے انحراف کیا اور قوم سے ہمیشہ جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی اور غلط بیانی نواز شریف کی فطرت رہی ہے۔ نواز شریف نے اے آرڈی کو دھوکہ دے کر جنرل مشرف سے سودے بازی کی اور دس سال تک وطن واپس نہ آنے کا معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ این آراو کا مقصد بیرون ملک میں مقیم قیادت کی باحفاظت وطن واپسی تھا جس کا نواز شریف نے سب سے زیادہ اور بھرپور فائدہ اٹھایا۔ نیر بخاری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہیدنے نواز شریف کی وطن واپسی کا راستہ بھی بنایا۔ ورنہ نوازشریف مزید پانچ سال ملک میں واپس نہ آتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جمہوریت کو غیرمستحکم کرنے کے لئے کالا کوٹ پہنا، چوہدری نثار اور شہباز شریف رات کے اندھیرے میں کس سے ملاقاتیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری کے متعلق زبان بھی میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی تھی۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ نگران حکومت کے لئے لازم ہے کہ وزیراعظم قائدحزب اختلاف سے مشورہ کرے۔ قائد حزب اختلاف سے مشورہ نہ کرنا آئین سے انحراف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے لئے ن لیگ کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔