حکومت کا ہر قدم ملک دشمن ہے، مہنگائی کا نیا طوفان لا رہے ہیں ، پرویزالٰہی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہر قدم ملک اور عوام دشمن ہے، ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لا رہے ہیں۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر ن لیگی رہنما اور پی پی 213 سے ٹکٹ ہولڈر مخدوم سید اسد عباس شاہ کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مخدوم اسد عباس نے کہا کہ میرا جینا مرنا چودھری صاحبان کے ساتھ رہے گا، جنوبی پنجاب میں جتنے کام چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کے دور میں ہوئے ان کی مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ لاہور میاں منیر اور چودھری عابد جوتانہ بھی موجود تھے۔