ڈی جی ایل ڈی اے نے سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی‘ مجھ سے ملک دشمن جیسا سلوک کیا جارہا ہے: اسحاق ڈار
لندن (نوائے وقت نیوز)سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایل ڈی اے) نے خود کہا تھا کہ وہ میرے گھر کے سامنے سڑک چوڑی کرنا چاہتے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈے اے نے جب مجھ سے کہا کہ وہ میرے گھر کے سامنے والی سڑک چوڑی کرنا چاہتے ہیں تو میں نے ڈی جی سے کہا کہ مجھے تو اعتراض نہیں لیکن آپ چاہیں تو قریبی مکینوں سے پوچھ لیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے نے غلط بیانی کی کہ میں نے انہیں فون کیا تھا، عدالت کوتمام حقائق اکھٹے کرنا چاہیے تھے، ڈی جی ایل ڈی اے کو میں نے کبھی زبانی حکم نہیں دیا،ایل ڈی اے کیا فون پر چلتاہے؟ ۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سے ملک دشمنوں کی طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ملک کو 8 کھرب روپے کا نقصان ہوا، خبردار کرتا ہوں کہ مہنگائی نہ روکی گئی تو تباہی آئے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم ٹیک آف کے مرحلے میں تھے کہ ملک کی ٹانگ کھینچ لی گئی، ہر کوئی ماہرمعیشت بنا ہوا ہے پاکستان میں میری پالیسی جاری رکھی جاتی تو آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ نہ جانا پڑتا۔