عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر ناراض سلمان احمد سے عمران خان نے رابطہ کر لیا
اسلام آباد (سی پی پی) مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر گلوکار اور عمران خان کے دیرینہ ساتھی سلمان احمد نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی چئیرمین عمران خان نے سلمان احمد کو منانے کے لیے ان سے رابطہ کر لیا۔ سلمان احمد نے بتایا کہ میں نے عمران خان سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔عمران خان نے میرے تحفظات کو سنجیدہ لیا ہے اور عامر لیاقت حسین سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا عمران خان کے ساتھ 35 سال کا ساتھ ہے، وہ میرے دوست ہیں اور یہ ساتھ ہمیشہ چلے گا۔ میں نے جو احتجاج کیا اس میں میں نے نکتہ اٹھایا تھا کہ عامر لیاقت حسین کو اگر پی ٹی آئی میں شامل ہو کر سیاستدان کی حیثیت سے ایک پلیٹ فارم مل رہا ہے، میں ان کو یاد دلا دوں کہ انہوں نے دین کو توڑ مروڑ کر میرے دوست شہید جنید جمشید پر مبینہ توہین مذہب اور توہین رسالت کا الزام عائد کیا۔انہوں نے جنید جمشید کی والدہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کئے۔