دوسرا ون ڈے ،پاکستان ویمنز نے سری لنکا کو94رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی
دمبولا(آئی این پی)پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں با آسانی 94 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 37 اوورز میں 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سری لنکا کی کوئی بھی کھلاڑی گرین شرٹس کی بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکی، ثنا میر نے 4،ندا ڈار نے 2وکٹیں حاصل کیں، کپتان بسمعہ معروف نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔جمعرات کو دمبولا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے، کپتان بسمعہ معروف نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 89 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، ناہیدہ خان 29، منیبہ علی 31، جویریہ خان 16، سدرہ امین 2 اور ندا ڈار 38 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، ثنا میر 27 اورنتالیا پرویز 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، ویرا کوڈی نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 37 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ویرا کوڈی نے 29 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئیں، کپتان چماری اتاپتو اور سروجیکا کماری 24، 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، ثنا میر نے 4، ندا ڈار نے 2 دیانا بیگ اور ناشرہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔