تیسرا ٹیسٹ ، جنوبی افریقن ٹیم نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 266 رنز بنا لئے
کیپ ٹائون (اے پی پی) جنوبی افریقن ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان پروٹیز نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے تھے، 92 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ایلگر اور ڈی ویلیئرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 128 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم اس کے بعد پیٹ کمنز نے ویلیئرز سمیت پروٹیز کے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے اس کی پوزیشن کمزور کر دی، ویلیئرز 64 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈین ایلگر ایک اینڈ پر کینگروز بائولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے، انہوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 121 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔