جسٹس قاضی فائز عیسیٰ تقرری کیس، مقدمہ اوپن کورٹ میں لگایا جائے، سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تقرری کے خلاف دائر آئینی درخواست پر اعتراضات کے خلاف کیس کو اوپن کورٹ میں سماعت کے لیئے مقرر کرنےکی (عدالت عظمیٰ آفس کو)ہدایت کی ہے۔جسٹس قاضی کی تقرری کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں کی تھی جس کا تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سننے کے بعد رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کئے جاتے ہیں، حکم نامہ میں سپریم کورٹ آفس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کیس کا نمبر لگا کراسے اوپن کورٹ میں سماعت کے لیئے مقرر کیا جائے۔ حکم نامہ کے مطابق عدالت درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ اوپن کورٹ میں کرے گی۔ واضح رہے کہ درخواست گزار حنیف راہی ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تقرری اور سپریم کورٹ میں بطور جسٹس تعیناتی کو چیلنج کیا تھا جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر درخواست واپس کر دی تھی۔ رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف چیف جسٹس نے ان چیمبر اپیل دائر کی گئی تھی۔