یوم پاکستان آج جوش و جذبہ سے منایا جائیگا‘ مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوگی
اسلام آ باد+لاہور ( سٹاف رپورٹر+خصوصی رپورٹر+آن لائن) ملک بھر میں یوم پاکستان آ ج جمعہ کو روایتی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہو گی جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کے دستے حصہ لیں گے، جنگی جہازوں کے فضائی مظاہرے پیش کیے جائیں گے جبکہ بیرون ممالک میں تمام سفارت خانوں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ‘ سکولوں کالجوں اور دیگر اداروں میں سکائوٹس اور گرلز گائیڈز کی جانب سے خصوصی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق سر علامہ اقبال کے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور حکومتی شخصیات حاضری دیں گی۔ امن کا نشان ہمارا پاکستان‘ یوم پاکستان کے موقع پر آئی ایس پی آر نے ویڈیو جاری کر دی جس میں چاروں گورنرز کے پیغامات شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے ویڈیو جاری کر دی جس میں چاروں گورنرز اور صدر آزاد کشمیر کے امن کے پیغامات شامل ہیں۔ اپنے پیغام میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا الحمداللہ پاکستان نے ہمیں شناخت دی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہاکہ ہمارا مستقبل روشن ہے۔ وطن کی محب ایک انمول جزبہ ہے ۔ گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر عمر ، صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت ہے ۔ آئی ایس پی آر نے 78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کا پیغام جاری کر دیا، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ امن و خوشحالی کیلئے ہمارا جذبہ لازوال ہے، باہمی ترقی سے پاکستان کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائیں گے، یہ وطن اقبال کا خواب اور ہمارے اسلاف کا انمول تحفہ ہے، ہر پاکستانی نے پکارا پاکستان،امن کا نشان،یہ ہمارا پاکستان۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے 23مارچ کے حوالے سے وزیراعظم کا پیغام جاری کر دیا۔ اسلا م آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق صدر،چیرمین سینٹ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم پاکستان کے پر وقار موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔سپیکر نے قوم کے نا م اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ 78سا ل قبل آ ج کے دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے قائدا عظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاہور میں اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کیا اورقرار داد لاہورمنظور کی جسے بعد میں قرار داد پاکستان کا نام دیا گیا۔ اس قرارداد نے مسلمانوں کو نئی سمت اورسوچ دی اور تحریک آزادی کو نیا جوش اور ولولہ بخشا ۔انہوں نے کہا کہ قائدا عظم نے اسلام کے امن وبرداشت اور انسانیت سے محبت کے اصول کو اپنا شعار بنایا جس سے نہ صر ف مسلمانان ہند بلکہ برصغیر میں رہنے والی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئیں اور مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی تحریک میں شامل ہو گئیں۔قائم مقام سپیکر مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ اس قرارداد نے آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ‘انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان کی روشنی میں ہی ملک میں معاشی اور سماجی انقلاب لانے کی بھر پور کرششیں جاری رکھی جائے گی ۔