34 ارکان کی حمایت شیری رحمن سینٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئیں
اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن سینٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہوگئیں۔ واضح رہے کہ شیری رحمن سینٹ کے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ رکھنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ شیری رحمن کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے 34 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی۔ تحریک انصاف کی جانب سے نامزد اعظم خان سواتی کو متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود صرف 19 ووٹ مل سکے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے اس عہدے پر فائز ہونے والی یہ ساتویں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ واضح رہے کہ شیری رحمن کے نام سے جانی جانے والی شہربانو رحمن 21 دسمبر 1960 میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے امریکہ کے سمتھ کالج سے تعلیم حاصل کی بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف سسیکس سے پولیٹیکل سائنسز اور آرٹ ہسٹری میں گریجوایشن کیا۔ شیری رحمن متعدد بار رکن قومی اسمبلی رہنے کے علاوہ وفاق میں صحت، وومن ڈویلپمنٹ اینڈ انفارمیشن کے علاوہ مختلف عہدوں پر بھی فائز رہی ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں انہوں نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے طور پر بھی اپنی خدمات سر انجام دی ہیں۔ سینٹ سیکرٹریٹ نے نومنتخب آزاد سینیٹرز کے حکومتی یا اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، نومنتخب17 آزاد سینیٹرز حکومتی اور 11سینیٹرز اپوزیشن بنچوں پر بیٹھیں گے۔ 6 فاٹا سینیٹرز نے علیحدہ گروپ تشکیل دیدیا، فاٹا گروپ کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اورنگزیب خان ہونگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے نومنتخب11، وفاقی دارالحکومت کے2 اور فاٹا اور کے پی کے کے2،2 سینیٹرز نے حکومتی بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، ان سینیٹرز میں پنجاب سے حافظ عبدالکریم، ڈاکٹر آصف کرمانی، ڈاکٹر اسد اشرف، سینیٹر ہارون خان، سینیٹر کامران مائیکل، سینیٹر رانا محمود الحسن، رانا مقبول احمد، مصدق ملک، نزہت صادق، سعدیہ عباسی اور سینیٹر شاہین خالد بٹ شامل ہیں جبکہ خیبرپی کے سے سینیٹر دلاور خان، سینیٹر صابر شاہ، وفاقی دارالحکومت سے سینیٹر مشاہد حسین اور اسد خان جونیجو جبکہ فاٹا سے نومنتخب سینیٹرز شمیم آفریدی اور مرزا محمد آفریدی حکومتی بنچوں پر بیٹھیں گے۔ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے والوں میں بلوچستان کے5 اور فاٹا کے6 سینیٹرز ہیں، بلوچستان سے سینیٹر میر محمد یوسف بادینی، سینیٹر احمد خان، انوار الحق کاکڑ، ثنا جمالی اور کوڈا بابر جبکہ فاٹا سے اورنگزیب خان، ہدایت اللہ، ہلال الرحمن، حاجی مومن خان آفریدی، سجاد حسین طوری اور سینیٹر تاج محمد آفریدی اپوزیشن کا حصہ ہونگے۔ چھ سینیٹرز پر مشتمل فاٹا گروپ کے لیڈر سینیٹر اورنگزیب خان ہونگے۔
شیری رحمان