یوم پاکستان آج جوش و جذبہ سے منایا جائیگا‘ مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہو گی
کراچی+اسلام آ باد+لاہور (وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں یوم پاکستان آ ج جمعہ کو روایتی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ اس موقع پرملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہو گی جس میں پاکستان کی بری‘ بحری اور فضائی افواج کے دستے حصہ لیں گے‘ جنگی جہازوں کے فضائی مظاہرے پیش کیے جائیں گے جبکہ بیرون ممالک میں تمام سفارت خانوں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ا‘ سکولوں کالجوں اور دیگر اداروں میں اسکائوٹس اور گرلز گائیڈز کی جانب سے خصوصی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق سر علامہ اقبال کے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور حکومتی شخصیات حاضری دیں گی۔ امن کا نشان ہمارا پاکستان‘ یوم پاکستان کے موقع پر آئی ایس پی آر نے ویڈیو جاری کر دی جس میں چاروں گورنرز کے پیغامات شامل ہیں ۔ 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے ویڈیو جاری کر دی جس میں چاروں گورنرز اور صدر آزاد کشمیر کے امن کے پیغامات شامل ہیں۔ اپنے پیغام میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا الحمداللہ پاکستان نے ہمیں شناخت دی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہاکہ ہمارا مستقبل روشن ہے۔ وطن کی محب ایک انمول جزبہ ہے ۔ گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر عمر ‘ صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت ہے ۔ آئی ایس پی آر نے 78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کا پیغام جاری کر دیا‘ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ امن و خوشحالی کیلئے ہمارا جذبہ لازوال ہے‘ باہمی ترقی سے پاکستان کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائیں گے‘ یہ وطن اقبال کا خواب اور ہمارے اسلاف کا انمول تحفہ ہے‘ ہر پاکستانی نے پکارا پاکستان‘امن کا نشان‘یہ ہمارا پاکستان۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے 23مارچ کے حوالے سے وزیراعظم کا پیغام جاری کر دیا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق صدر‘چیرمین سینٹ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم پاکستان کے پر وقار موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ دریں اثناء پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان کے اس یادگار موقع پر میں تمام اہلیان پاکستان کو پرجوش مبارکباد پیش کرتا ہوں بلاشبہ 23 مارچ 1940ء ہمارے باعظمت آبائو اجداد کے اُس کٹھن سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے جو انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ریاست کیقیام کیلئے طے کیا اس تاریخ ساز دن کے بعد 7 سال کے قلیل عرصہ میں مسلمانوں کی آزادی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا اور ہمارا پیار ملک پاکستان معرض وجود میں آیا جہاں ہم عزت و وقار کے ساتھ اپنے روز و شب بسر کر رہے ہیں‘ ایک الگ ملک کا قیام ہمارے اسلاف کے غیر متزلزل عزم‘ بلند ہمت اور تن من دھن کی قربانیوں کا ثمرہ ہے جوقائداعظم محمد علی جناح کے دور اندیش اور فقید المثال قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہوئے۔
یوم پاکستان