افغانستان : ڈرون حملہ ، آپریشن ، داعش کے 9 جنگجوئوں سمیت 53 ہلاک
کابل + پشاور(آئی این پی+بیورو رپورٹ)افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے تازہ آپریشن میں داعش کے 9 جنگجوئوں سمیت 53شدت پسند ہلاک اور18 زخمی ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے طالبان کے سینئر رہنما کو گرفتار کرلیا۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرو ن حملے میں 8 شدت پسند مارے گئے ۔صوبائی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون طیارے نے خوارجی کے علاقے میں شدت پسندوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا‘ 8 تباہ ہوگئی ۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 18 شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 23 جنگجو ارزگان صوبہ کے ضلع چارچینو میں ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن اور کوٹ میں آپریشن کے دوران داعش کے 9 جنگجو مارے گئے۔افغان سیکورٹی فورسز کو آرٹلری یونٹ کی مدد بھی حاصل تھی۔وزارت دفاع کے مطابق ہلمند کے ضلع نہراسراج،لغمان کے ضلع علینگر،غزنی کے ضلع آجرستان اور زابل کے ضلع شاہ جوئی میں آپریشن کے دوران 13جنگجو ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ۔ادھر صوبہ قندوز میں سیکورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران طالبان کے سینئر رہنما کو گرفتار کرلیا۔وزارت دفاع کے مطابق آپریشن افغان نیشنل آرمی کی 209ویں کور نے شمالی علاقوں میں کیا۔سینئر طالبان لیڈرکو ضلع خان آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ۔سیکورٹی فورسز نے ضلع براک میں آپریشن کے دوران ایس پی جی 9راکٹ کے 50 رائونڈ قبضے میں لے لیے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پی کے نے افغانستان سے جنگی تربیت حاصل کرنیوالے تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے اہم رکن اسحاق عرف یوسف کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضہ سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ یہاں تنظیم کیلئے بھتہ خوری اور دیگر دہشت گردی کی وارداتیں کرتا تھا۔بیمار افغان فوجی باجوڑ ایجنسی میں مکمل علاج معالجے کے بعد ہسپتال سے فارغ ہوگئے۔