عالمی برادری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کام کرے: پاکستان
نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ عالمی برادری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کام کرے‘ نوروز کے تہوار‘ تقریبات اقوام متحدہ کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ منگل کو پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جشن نوروز کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوروز کے تہوار‘ تقریبات اقوام متحدہ کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ایران ‘ افغانستان سمیت بارہ رکن ممالک بہار کے آغاز میں نوروز کا تہوار مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوروز کے تہوار کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں پاکستان کا بھی حصہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ 2010ء میں منظور کی جانے والی قرارداد میں اقوام متحدہ نے 21مارچ کو نوروز کا عالمی دن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوروز انسانی تنوع میں ہم آہنگی کا جشن ہے اور نوروز دنیا میں مختلف عقیدوں‘ ثقافت ‘ زبانوں کی حامل قوتوں کو اکٹھا کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کام کرے کیونکہ ہمارا اور ہماری نسلوں کا دارومدار مستقبل کی ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے نوروز کا تہوار دنیا میں امن و انصاف کے ساتھ خوشیاں لائے گا۔