سابق آئی جی کی ترقی سے متعلق حکم عملدرآمد نہ ہونے پر عدالت کا اظہار برہمی
اسلام آباد (آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ طلب کر لی جبکہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کاکہنا ہے کہ آفتاب چیمہ کے بیشتر بیج میٹس کو ترقیاں دے دی گئیں ، عدالت کو سب کچھ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ عدالت نے آفتاب چیمہ کی ترقی سے متعلق حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آفتاب چیمہ کو ان کے خلاف انکوائری کی وجہ سے ترقی نہیں دی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے کہا کہ آفتاب چیمہ کو انکوائری میں کلیئر قرار دیا جا چکا ہے۔ یہاں انکوائریاں اور جوڈیشل کمیشن چلنے کے باوجود من پسند افسران کو ترقیاں دی گئیں۔ عدالت نے آفتاب چیمہ کی ترقی کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کی تاریخ طلب کرتے ہوئے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔