پٹھانکوٹ حملہ‘ بھارت نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو ویزے جاری کردئیے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی حکومت نے پٹھانکوٹ ائربیس حملوں کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو ویزے جاری کردئیے۔ ٹیم 27 مارچ کو نئی دہلی روانہ ہو گی۔ واضح رہے کہ پٹھانکوٹ ایئربیس پر حملوں کی تحقیقات کیلئے پاکستان نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی اور بھارت سے متاثرہ جگہ کے معائنے کیلئے کہا تھا۔ پاکستان میں بھارتی سفارتخانے نے جے آئی ٹی کے تمام ارکان کو ویزے جاری کر دیئے۔ 5 رکنی جے آئی ٹی کی قیادت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کررہے ہیں۔ جے آئی ٹی کے دیگر ارکان میںکرنل تنویر، کرنل عرفان مرزا، عظیم ارشد اور شاہد تنویر شامل ہیں۔ جے آئی ٹی کے ارکان نئی دہلی سے پٹھانکوٹ ائربیس جائیں گے اور بھارتی حکومت کی جانب سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے پٹھانکوٹ حملے پر 50 سے زائد سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی تیار کیا ہے۔ جو بھارتی حکام کو دیا جائیگا۔