ڈر ہے میاں صاحب کچھ ایسا نہ کر دیں حکومتی مدت اسی برس پوری ہو جائے: عمران
پشاور (صباح نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی مدت حکومت پوری کریں گے اور حکومتی مدت کے خاتمے تک خیبر پی کے کومثالی صوبہ بنا دیں گے لیکن ڈر ہے کہ میاں صاحب کچھ ایسانہ کر دیں کہ اسی سال حکومت کی میعاد پوری ہوجائے۔ وزیراعلی ہائوس پشاور میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب میں عمران نے کہا یہ اجتماعی شادیاں وہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر نہیں بلکہ ذاتی خرچ پر کرا رہے ہیں۔ وزیر اعلی ہائوس میں تقریب کا مقصد لوگوں کو باور کرانا ہے کہ ہمیں ان کی پروا ہے۔ وہ مزید پچاس جوڑوں کی شادیاں بھی کروائیں گے۔ زندگی لگ گئی پیسے جمع کرنے میں اب عادت پڑگئی ہے پیسے مانگنے کی۔ غربت پورے پاکستان میں ہے لیکن خیبر پی کے دہشت گردی سے بھی متاثر ہے۔ عمران خان کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کیلئے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے سلامی کا اعلان بھی کیا گیا۔