اپوزیشن نے نثار کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار کے خلاف تحریک استحقاق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی، اپوزیشن رکن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ تحریک استحقاق پر اپوزیشن جماعتوں کے 40 سے زائد ارکان کے دستخط ہیں، غلام سرور نے کہا کہ چودھری نثار نے مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی، چودھری نثار نے پیر کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھی فراہم نہیں کی۔ قبل ازیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اعتزاز احسن نے چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ چودھری نثار کے خلاف مشترکہ اجلاس میں تحریک لانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔ چودھری نثار علی خان نے سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ان کے قول و فعل میں تضادات پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں خواہ اس کے لئے میدان پارلیمنٹ میں لگے یا عدالت میں۔ اعتزاز احسن اینڈ کمپنی پارلیمنٹ میں اپنی خفت مٹانے کے لئے بلاوجہ ہاتھ پائوں مار رہی ہے انہیں مشرف کے حوالے سے کچھ کہنا ہوتا تو پارلیمنٹ میں بیان کرتے۔ تحریکِ استحقاق پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پارلیمنٹ میں بھی انہیں لاجواب کیا تھا اور آئندہ بھی انکے دوہرے معیار اور منافقت کا پول عوام کے سامنے کھولتا رہوں گا۔