بدقسمتی سے سب برابر نہیں، کچھ ’’مقدس گائیں‘‘ ابھی تک قانون سے بالا ہیں: زرداری
اسلام آباد (خبرنگار خصو صی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو 76 ویں یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج یوم پاکستان کی خوشی مناتے ہوئے ہمیں خود کو قائد کے ویژن کے مطابق جمہوری اصولوں، قانون حکمرانی اور پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کردینا چاہیے کیونکہ یہی وہ رہنما اصول تھے جن کیلئے ہم نے برصغیر میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں ہم فلاحی ریاست کی بجائے سکیورٹی ریاست بن گئے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی توجہ جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور ہمہ جہت معاشرے کے قیام کیلئے مرکوز کرلینی چاہیے کیونکہ یہی وہ اصول ہیں جن کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ایک ایسا عدالتی نظام ہے جس سے انصاف بدقسمتی سے نہیں ملتا اور قانون کی حکمرانی کو پائوں تلے روندا جاتا ہے اور پاکستانی قوم اس مسئلے کے حل کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ یہ انتہائی تکلیف دہ صورتحال ہے کہ 76 ویں یوم پاکستان کے موقع پر بھی بدقسمتی سے تمام شہری قانون کی نظر میں برابر نہیں ہیں اور کچھ مقدس گائیں ابھی بھی قانون سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم پاکستان سے ایک ہفتہ پہلے ہی آئین اور قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصولوں کو انتہا پسندوں سے بھی خطرات درپیش ہیں جو مذہب کا نام لے کر اپنا قدامت پسندانہ، خواتین دشمن اور غیر مسلم دشمن ایجنڈا ہم پر بزور مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ اسلئے ہمیں آج اس بات کی یاددہانی کرنی چاہیے کہ اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ ہم پاکستان بنانے والوں کے نظریے کے مطابق غیرمسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں اور قانون کی نظر میں سب برابر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو کامیاب کرے جو ہم قائداعظم کے دئیے ہوئے ورثے کو ان کے نظریات کے مطابق رکھ سکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے یوم پاکستان کے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو جناح کی حقیقی سوچ والے پاکستان میں تبدیل کرنے کی ذمہ اری اپنے کندھوں پر اٹھائی ہے، پاکستان کو ہر شہری کیلئے مساوی ریاست اور دنیا کی رول ماڈل مسلم قوم بنانے والے بانیان کے مشن کیلئے ہماری قیادت اور کارکنان نے جانوں، خون اور پسینے کی قربانیاں دی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ڈکٹیٹر شپ کے لیے بھی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے جس نے ملک کو اپنے حقیقی ویلفیئر والے نظریے سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے اور خطرات بھی بڑھائے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے کہا کہ وہ ذات پات، رنگ و نسل، فرقہ، عقائد اور مذہب کی تفریق کے بغیر اتحاد کریں اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مقاصد کی حاصلات کیلئے جدوجہد کریں۔