توانائی سمیت ہر شعبے میں قوم کی تو قعات پر پورا اتریں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ ایک چیلنج ہے جس پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ بھکھی، شیخوپورہ میں گیس پاور پلانٹ کے منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اورکارکن ایک اہم قومی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں جو کہ ایک قومی خدمت ہے۔ منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کو ہر طرح کی سہولتوں کی فراہمی اورانکی دیکھ بھال پراجیکٹ انتظامیہ اور حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے اور میں ذاتی طور پر مزدوروںکو سہولتوں کی فراہمی کے کام کی نگرانی کروںگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے پر کام کی رفتار کاجائزہ لینے کے بعد انجینئرز، ماہرین، سرکاری افسروں اور مزدوروں سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی طرف دیکھ رہی ہے لہٰذا توانائی منصوبوں کی تکمیل میں ایک لمحے کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔ جہاں بھی توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں اس پرچیلنج سمجھ کرکام کیا جائے تاکہ توانائی سمیت ہر شعبے میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اورقوم کو مایوس نہیں کریںگے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 1180 میگاواٹ کا پاور پلانٹ کا منصوبہ لگا رہی ہے۔ منصوبے پر سرمایہ کاری تو پنجاب حکومت کی ہے تاہم یہ قومی منصوبہ بجلی پاکستان کو دیگا اوریہ پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 ء پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے ترقیاتی حکمت عملی پر موثر اور تیز رفتاری سے عمل کرنا ہے اور اس کیلئے اداروں کو پوری طرح متحرک ہونا ہوگا اور ترقیاتی حکمت عملی کے تحت متعین کردہ اہداف کے حصول کیلئے محنت، عزم اور فرض شناسی کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے موثر مانیٹرنگ سسٹم ضروری ہے۔ پانی کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور زندگی کی علامت ہے اور پانی کی اہمیت ہمیشہ سے مسلمہ رہی ہے۔ پانی نہ صرف زندگی بلکہ زمین کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے سابق وفاقی سیکرٹری سعید علوی کے سینئر صحافی اشتیاق حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔