کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اُڑان تھم گئی آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔انٹر بینک میں دن کے آغاز سے ہی ڈالر کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے اور روپے کی پوزیشن مستحکم ہوئی ہے جس کے سبب صبح کے وقت ڈالر 206 روپے 50 پیسے کی سطح پر موجود تھا۔تاہم اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے 73 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔جس کے بعد اب انٹر بینک میں ڈالر 208 روپے 20پیسے پر ٹریڈ ہورہا ہے اس کے علاوہ گزشتہ روز 22 جون کو ڈالر 211 روپے 93پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 50 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اس کمی کے بعد ڈالر 209روپے 50 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ 2 دن کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے سستا ہوگیا جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں 2 ماہ میں سب سے بڑی کمی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہونے کی اطلاعات نے روپے کی قدر میں مثبت اثرات ظاہر کرتے ہوئے اس میں کمی کا رحجان تبدیل کردیا۔