صدر کاٹی سلمان اسلم اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ملاقات
کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم سے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنما¶ں نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں صنعتی علاقے میں شجرکاری اور فائر ٹینڈر کی کارکردگی کا جائزہ لیا جبکہ اس موقع پرصدر کاٹی سلمان اسلم نے کراچی کے چیف فائر آفیسر مبین احمد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چیف فائر آفیسر مبین احمد کی تعیناتی کے بعد کاٹی فائر ٹینڈر کی کارکردگی میں بھی بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔ کورنگی میں آتشزدگی کے متعدد واقعات میں کاٹی سے فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چیف فائر آفیسر مبین احمد کی رہنمائی اور خدمات قابل ستائش ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی چیف فائر آفیسر مبین احمد کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور بلدیہ عظمی کراچی عوام کی خدمت کیلیے کوشاں ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کاٹی شہر کا بڑا صنعتی علاقہ ہے جہاں صنعتکار کورنگی کی خوبصورتی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور دوسرے صنعتی علاقوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاٹی کی کاوشوں کے باعث کورنگی صنعتی علاقہ ماڈل زون کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں فائر ٹینڈرز تعینات کرنے سے حادثات سے بہتر انداز میں نمٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مشاورت سے مزید منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔