روسی افواج کی خارکیف پر پھر شدید بمباری 15ہلاک شہر دھماکوں سے گونج ا ٹھا
کیف /ماسکو (آئی این پی) خارکیف میں روسی افواج کی شدید بمباری سے 15 شہری ہلاک ہو گئے۔ روس نے کئی ہفتے بعد ایک بار پھر خار کا کا محاذ دوبارہ کھول دیا۔ یوکرینی شہر خارکیو دھماکوں سے گونج اٹھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق روسی افواج کی گولہ باری سے 15 شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ انفراسٹرکچر بھی تباہ کر دیا گیا۔ روس نے یورپی یونین میں واقع اپنے خطے کلینن گراڈ جانے والی ٹرین روکنے پر لتھوینیا کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔ روسی ٹرین ماسکو سے سامان لے کر کلینن گراڈ جا رہی تھی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ لتھوینیا کو جلد اس حرکت کا جواب دیا جائے گا۔ تاہم لتھوینیا کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرین کو یورپی یونین کی پابندیوں کے باعث روکا گیا۔ ادھر روسی ہیلی کاپٹر نے اسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جس پر اسٹونیا نے روسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا۔ اسٹونین وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ روس اپنے پڑوسیوں کو دھمکیاں دینا بند کر دے۔ دریں اثناءروسی فوج نے یوکرین کے جنوبی حصے خیرسون میں ٹیلی ویژن ٹاور سے روس کے چینلز کی نشریات کا آغاز کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ فورسز نے خطے کے ساتویں اور آخری ٹیلی ویژن ٹاور سے ٹرانسمیشن کی ترتیب بدل دی جس کے بعد اسے روسی چینلز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا۔ جرمن حکومت نے پہلی مرتبہ یوکرائن کو روس کے حملے کے خلاف دفاع میں مدد دینے کیلئے مہیا کردہ ہتھیاروں کی فہرست شائع کی ہے۔
یوکرائن