ڈی چوک ہمیشہ ہمارے لئے مصیبت بنا ہوا ہے، لوگوں کو تکلیف کیوں دے رہے ہیں، رکن جماعت اسلامی
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبد الاکبر چترالی نے ڈی چوک کا نام امن چوک رکھنے کی تجویز دی۔ مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ جو شمالی وزیرستان میں واقعہ ہوا ہے، یہ بہت دردناک واقعہ ہے، دہشت گردوں کو جلد ازجلد گرفتار کرنے کی رولنگ دے دیں، پشاور میں بھی دن دیہاڑے ایک دکاندار سے پچاس لاکھ چھینے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈی چوک کا نام امن چوک رکھیں، یہ ڈی چوک ہمیشہ ہمارے لئے مصیبت بنا ہوا ہے یہاں کنٹینر کھڑے ہیں، نادرا آفس کے ساتھ راستہ بلاک کیا ہوا ہے، اس کو بھی کھولیں، آخر لوگوں کو تکلیف کیوں دے رہے ہیں؟۔ اجلاس کے دوران این اے 240 سے ایم کیو ایم پاکستان کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی محمد ابوبکر نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا، سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا، جس کے بعد سپیکر نے انہیں مبارکباد پیش کی ، اس موقع پر ارکان اسمبلی بھی انہیں مبارکباد پیش کرنے کے لئے ان کے پاس آتے رہے۔
پارلیمنٹ کی ڈائری