ضمنی انتخابات عمران خان کی ملک دشمن پالیسیوں کیخلاف ریفرنڈم ہے: رانا مشہود
لاہور(نیوررپورٹر)ممبر پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات دراصل عمران خان کی ملک دشمن پالیسیوں کیخلاف ریفرنڈم ہے۔ آج عمران خان ملک کی تباہی میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے وقت رات گئے تک آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں اور اب پنجاب کے بجٹ کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے۔ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے نفاذ میں جان بوجھ کر تاخیر کی۔ اس دانستہ تاخیر کا خمیازہ آج عوام بھگت رہی ہے۔ ایک سازشی خط کو لے کر قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولا گیا، لیکن ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران خان کا جھوٹ اس کے منہ پر دے مارا۔ رانا مشہود احمد نے یہ بھی کہا کہ نذیر چوہان جیسے امیدواروں نے ملک کی خاطر اصولی موقف پر سٹینڈ لیا۔ ان خیالات کا اظہار ممبر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے سابقہ ایم پی اے نذیر چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے عمران خان کے جھوٹ در جھوٹ کا پول کھل چکا ہے۔ رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ انتخابی حلقوں میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے۔