ضمنی الیکشن کیلئے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں: ذکر اللہ مجاہد
لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور کے ضمنی الیکشن میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔ ضمنی الیکشن میں بے دریغ پیسے کااستعمال کرکے الیکشن کمیشن کے قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔ ضمنی الیکشن کے حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے امیدواران اپنے حلقوں میں لوگوں کے ضمیر خریدنے اور حلقوں میں لاکھوں روپے مالیت کے بل بورڈز لگانے میں مصروف ہیں جن کو کوئی پوچھنے والے نہیں ہے جو قابل مذمت اور الیکشن کمیشن کے اقدامات پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے الیکشن کمیشن پنجاب کے عہدیداران سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا اور جماعت اسلامی کے لاہور میں ہونے والے ضمنی الیکشن پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر اسلامک لائرز مووومنٹ لاہور نصر اللہ اولکھ ایڈووکیٹ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، ممبر الیکشن سیل عامر نور خان و دیگر موجود تھے۔