ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 175 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے یونائیٹڈ کو ایونٹ سے باہر کردیا۔زلمی کی جانب سے حضرت اللہ ززئی اور شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، ززئی 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جاناتھن ولز 55 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شعیب ملک نے 10 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ بدقسمت رہے اور پہلے ہی اوور میں ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد اخلاق 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کولن منرو نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی اور برینڈن کنگ بھی 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور افتخار احمد 10 رنز پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان شاداب خان 15 اور آصف علی 8 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے۔حسن علی نے 16 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 ، محمد عرفان ، محمد عمران اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔