علامہ شاہ نورانی ورلڈ آرڈر کے مقابلے میں بڑی چٹان تھے: اشرف آصف جلالی
لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم ،تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام قائد اہل سنت حضرت مولانا شاہ احمد نورانی کے سالانہ عرس مقدس کے موقع پر شاہ جلال ریسرچ سینٹر لاہور میں ’’امام نورانی سیمینار‘‘کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کی صدارت تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم ،تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کی۔جبکہ مفتی محمدحذیفہ جلالی،صاحبزادہ محمد حسنین سیالوی،مفتی محمدوسیم عباسی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاحضرت مولانا شاہ احمد نورانی امریکی نیو ورلڈآرڈرکے مقابلے میں بہت بڑی ایمانی چٹان تھے۔حضرت مولانا شاہ احمد نورانی نے پاکستان میں نظامِ مصطفیﷺ کے نفاذ کیلئے مثالی جدو جہد کی آپ نے ہمیشہ مفادات پر سچے نظریات کو ترجیح دی۔آپ نے کارکنان کی ہڈیوں اور کھوپڑیوںپر قیادتوں کے تاج محل تعمیر کرنے کے تصور کو یکسر مسترد کیا۔بڑے بڑے ڈکٹیٹروں ،آمروں اور وڈیروں کی سیاست آپ کے سامنے پانی بھرتی رہی ۔آپ پاکستان کے وہ واحد سیاستدان اور انٹر نیشنل مذہبی پیشوا تھے۔ایک بھرپور سیاسی کیریر کے باوجود انکی چادرِ کردار پر کوئی داغ اور دھبہ نہیں تھا۔آپ ایک پارلیمنٹیرین کے لحاظ سے جدوجہد تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوانے کے لحاط سے آپ نے سر فہرست کردار ادا کیا۔مفتی محمد حذیفہ جلالی نے کہا امام شاہ احمد نورانی پاکستان میں مذہبی سیاست کیلئے ایک رول ماڈل قرار دیے جا سکتے ہیں۔