حضرت امیر خسرو کے 715 ویں عرس کی تقریبات دہلی میں عروج پر پہنچ گئیں
لاہور (خالد بہزاد ہاشمی/ فیملی میگزین رپورٹ) طوطی ہند‘ حضرت محبوب الٰہی‘ خواجہ نظام الدین اولیا کے محبوب خلیفہ اور مرید خاص حضرت امیر خسرو کے 715 ویں سالانہ پانچ روزہ سالانہ عرس کی تقریبات نئی دہلی میں عروج پر پہنچ گئیں۔ درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیا کے سجادہ نشین اور دیوان سید طاہر نظامی نے نئی دہلی سے ٹیلیفون پر فیملی میگزین‘ نوائے وقت کو بتایا کہ بستی حضرت خواجہ نظام الدین اولیا‘ میں عید کا سماں ہے اور لاکھوں زائرین تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی زائرین کے وفد نے درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء اور درگاہ حضرت امیر خسرو پر حاضری دی۔ چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاکستانی زائرین کی دستاربندی کی گئی۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ کل بڑا قل شریف تھا اور آج بعد نماز عصر حضرت محبوب الٰہی کے بھانجے مولانا تقی الدین نوح کی فاتحہ خوانی ہوئی جبکہ اس مرتبہ غیر مسلموں نے اپنے لنگر کا انتظام کیا ہے جس میں ویجیٹیبل بریانی‘ سبزی‘ حلوہ‘ پوری وغیرہ شامل ہیں جبکہ روزانہ قرآن خوانی کی تقریبات اور لنگر جاری ہے۔ دیوان سید طاہر نظامی نے خطے میں امن اور پاکستانی عوام کی خوشحالی‘ ترقی اور بھائی چارے کی خصوصی دعا کی۔